پیرس : (ویب ڈیسک ) ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے طلائی تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو ایک کروڑ 40 لاکھ روپے ملیں گے۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کی میڈل تقریب بھی آج رات ہوگی، جس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو گولڈ میڈل سے نوازا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔
فائنل کے پہلے راؤنڈ میں ارشد ندیم کی پہلی تھرو ضائع ہوئی، دوسری تھرو میں انہوں نے 92 اعشاریہ 97 میٹر دور تک تھرو پھینکی، جکہ تیسری تھرو میں وہ88 میٹر تک تھرو پھینکنے میں کامیاب رہے۔
ارشد ندیم نے اپنی 92 اعشاریہ 97 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی۔ جبکہ دوسرے راؤنڈ میں ارشد ندیم اپنی آخری تھرو میں 91 اعشاریہ 79 میٹر تھرو پھینکنے میں کامیاب رہے۔
فائنل میں شریک کوئی دوسرا ایتھلیٹ 90 میٹرز سے زائد طویل تھرو پھینکنے میں کامیاب نہ ہو سکا، یوں ارشد ندیم نے 40 سال بعد پاکستان کیلئے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔