ممکنہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ پبلک، عوامی رائے لینے کا حکم دینے کی درخواست دائر

Published On 09 October,2024 10:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممکنہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ پبلک کرنے، عوامی رائے لینے کا حکم دینے کی درخواست دائر کر دی گئی۔

سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی درخواست اعتراضات کے ساتھ کل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے، درخواست میں آئینی ترمیم کے ڈرافٹ کو منظر عام پر لے کر آنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم میں بھی عوامی رائے لی گئی، اسی طرح اِس آئینی ترمیم میں بھی پبلک کو رائے دینے کا حق ملنا چاہئے، ایک دن میں آئینی ترمیم پاس کرانا جمہوری اور پارلیمانی اُصولوں کی نفی ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے اپنے قوانین بھی کسی مجوزہ قانون سازی کو آفیشل گزٹ میں پبلش کرنے کا کہتے ہیں، کم از کم پبلک کو اس آئینی ترمیم پر رائے دینے کے لئے 8 ہفتوں کا وقت ملنا چاہئے۔

درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو وزارت قانون کی ویب سائٹ پر ڈرافٹ پبلک کرنے کی ہدایت کی جائے۔