لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان توشہ خانہ نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں 5 سالہ نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل مکمل کر لیے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل شہزاد شوکت نے موقف اختیار کیا کہ بیر سٹر علی ظفر نے لاہور ہائی کورٹ کے جس عدالتی فیصلے کا حوالہ دیا ہے میں اس سے آگاہ نہیں۔
عدالت نے کہا کہ ہم کیس کی سماعت 2 ہفتوں تک کیلئے ملتوی کردیتے ہیں جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا یہ بہتر ہو گا، اس وقت تک میں بطور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن بھی نہیں رہوں گا، سپریم کورٹ بار ایسویسی ایشن کی ذمہ داری مجھ پر سے ختم ہو چکی ہو گی۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 2 ہفتوں تک کیلئے ملتوی کر دی۔