سرگودھا: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے آئینی ترمیم کے دن کو بلیک ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کردیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئینی عدالتوں کو نہیں مانتے، آئینی ترمیم کے دن کو بلیک ڈے کے طور پر منائیں گے، فارم 47کی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف جھوٹے مقدمات درج ہیں پوری دنیا جانتی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور گھریلو خواتین پر مقدمات بنا دیئے گئے ہیں۔
اس موقع پر رہنما تحریکِ انصاف عالیہ حمزہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی لمحہ فکریہ ہے، حکومت کی نااہلی نے ڈی چوک کے احتجاج کو پورے ملک میں پھیلا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان کے خلاف درجنوں جھوٹے مقدمات درج کیے گئے لیکن ہم گھبرانے والے نہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں ہم فکر مند ہیں۔