اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، وفاقی دار الحکومت کو سجا دیا گیا، ایس سی او کا 23 واں اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا، وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے اور وزارت خارجہ کے حکام نے تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے اجلاس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ شرکاء کی آمدورفت کے دوران شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چین، روس، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔
ایران کے اول نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ ایس سی او میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے، منگولیا کے وزیراعظم اور چیئرمین کابینہ، ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں معیشت، تجارت اور ماحولیات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات
دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کیلئے اسلام آباد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شہر میں پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔
جڑواں شہروں میں 14 سے 17 اکتوبر تک میٹرو بس سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے بھی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جی ٹی روڈ پشاور سے روات جانے والے ٹیکسلا، موٹر وے، چکری انٹر چینج، چک بیلی روڈ اور روات استعمال کریں،لاہور جی ٹی روڈ سے پشاور جانے والے روات، چک بیلی روڈ، چکری انٹر چینج، موٹروے، ٹیکسلا روڈ استعمال کریں۔
مارگلہ روڈ سے راولپنڈی جانے والے نائنتھ ایونیو استعمال کر سکتے ہیں، فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو کی طرف موڑی جائے گی، راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے صدر مری روڈ سے نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔
ٹریفک پلان کے مطابق زیرو پوائنٹ فیصل ایونیو سے کورال چوک تک ایکسپریس وے آنے جانے والی تمام ٹریفک کیلئے بند ہوگی، 14،15اور16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔