اسلام آباد :(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف ،عمیرخان نیازی نے کہا ہے کہ پندرہ اکتوبروالا احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کے لیے ہوگا۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کےباوجود بانی پی ٹی آئی سےملاقات نہیں کرائی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز کو بانی پی ٹی آئی کی صحت سےمتعلق خدشات ہیں، حکومت کسی وقت بھی عمران خان سے ملاقات کراسکتی ہے، اعظم سواتی کی ملاقات تو حکومت نے صبح کرا دی تھی۔
ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے سوال پر اپنے جواب میں عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا شنگھائی کانفرنس کوسبوتاژ کرنا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب معاملات سلجھانےہوں توحکومت خود پشاورپہنچ جاتی ہے، پندرہ اکتوبروالا احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کےلیےہوگا۔
عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ ترمیم یہ خود نہیں لا رہے ان کودی گئی، ان کوالیکشن جتوانے والے ترمیم لا رہے ہیں ،انہیں پتہ ہے الیکشن کا آڈٹ ہوا توان کی چوری کا پتہ چل جائےگا، یہ اپنی مرضی کی آئینی عدالت بنانا چاہتےہیں۔
رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ یہ ترمیم لاکرعدلیہ پرحملہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی آئینی عدالت کے حوالے سےحکومت کا ساتھ نہیں دے گی۔