کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
کراچی میں ایئر پورٹ، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوند باندی ہوئی ہے، اس کے علاوہ لانڈھی، قائد آباد اور اطراف میں بھی بادل برسے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب پر ڈپریشن کے زیر اثر کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی ہے۔
بحیرۂ عرب سے بادل شہر کی جانب آئے ہیں، کراچی میں آج وقفے وقفے سے مطلع ابر آلود اور بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ کراچی میں کل بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔