کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے کلینک کو سیل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سندھ حکومت اور ایس بی سی اے سے جواب طلب کر لیا۔
دورانِ سماعت سینئر وکیل انور منصور خان درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے، ایس بی سی سے کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل انور منصور کا کہنا تھا کہ حکام نے کلینک سیل کر دیا ہے جو کہ بالکل غیر قانونی عمل ہے۔
وکیل ایس بی سی اے نے کہا کہ عارضی طور پر کلینک ڈی سیل کر دیا گیا، عارضی ڈی سیل کرنے کا مقصد تھا کہ ضرورت کے کام کئے جا سکیں۔
اس موقع پر سندھ حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت کی استدعا کر دی۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ ڈینٹل کلینک فوری کھولنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر سندھ حکومت اور ایس بی سی اے کے وکیل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عبوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے ناظر کو کمشنر مقرر کر دیا تھا، سندھ ہائیکورٹ کے ناظر کی موجودگی میں ضروری ریکارڈ نکالنے کی اجازت دی تھی ،ناظر کو کلینک کے سامنے کی انوینٹری بنانے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔