اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے لئے اعلیٰ سطح کے وفود کی میزبانی کرنے جا رہا ہے جس سے اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد ایسے اعلیٰ سطح کے وفود اقتصادی، سفارتی اور سٹریٹجک تعلقات کے لئے ملک کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر سربراہی اجلاس کی کامیابی کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے۔
شیری رحمان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 23 ویں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ایک اہم جیو پولیٹیکل لمحہ ہے کیونکہ اقتصادی رفتار ایشیا کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان اس عمل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔