اسلام آباد : (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کے لیے حکومت کا طریقہ کار درست نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ زین قریشی کی اہلیہ کو اغوا کیا گیا اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اگر آپ نے قانون سازی کے لیے یہ ہتھ کنڈے استعمال کرنے ہیں تو اس ایوان اور عوام کی حکمرانی کو بھول جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے ایسے قانون سازی کرنی ہے تو ہم نہیں آئیں گے، جیسے ترامیم کو پاس کروانا ہے کروا لیں پھر ، پاکستان کی عوام اس قسم کی کسی قانون سازی کو نہیں مانے گی، آئین میں ترمیم کے لیے یہ طریقہ کار درست نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن کہا تھا آپ جب ڈرافٹ دیں گے تو اس پر ہم اور مولانا مشاورت کریں گے، حکومت کے ڈرافٹ پر میں نے اپنا جواب بنایا ہے، بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد حکومت سے شیئر کروں گا، قانون سازی میں نمبر گیم کا چکر نہیں ہوتا، قانون سازی میں مرضی اور ضمیر کا ووٹ ہے۔