لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں گواہ سیف المرتضٰی کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں دس سال پرانے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر سماعت ہوئی، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کے رکن سابق ایس پی سیف المرتضٰی شہادت قلمبند کرانے کیلئے پیش نہیں ہوئے، سابق ایس پی سیف المرتضٰی کا آنکھ کا آپریشن ہے، وہ ہسپتال داخل ہیں اس لئے آج وہ شہادت قلمبند کرانے کیلئے پیش نہیں ہو سکتے۔
پراسیکیوشن نے کیس کی سماعت مؤخر کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا آئندہ سماعت پر گواہ سیف المرتضٰی کو طلب کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اب تک مجموعی طور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 107 گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے، پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیخلاف استغاثہ بھی دائر کر رکھا ہے۔