پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم کے اپنے ہی ڈرافٹ سے یوٹرن لے لیا: فیصل کریم کنڈی

Published On 24 October,2024 06:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم کے لیے دیئے گئے اپنے ہی ڈرافٹ سے یوٹرن لے لیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے وقت یہ باتیں تھیں کہ ہم چیف جسٹس کی توسیع کے لیے یہ کر رہے ہیں، ہم نے پی ٹی آئی اور جے یوآئی (ایف) کے ڈرافٹ پرعمل کیا، آخر میں پی ٹی آئی پیچھے خود ہی پیچھے ہٹ گیی اور آج اپنے ڈرافٹ پر پی ٹی آئی نے یو ٹرن لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں جو چیف جسٹس ہمیں پسند ہے وہ آئے، کے پی کے حکومت کو تو خوش ہونا چاہیے پہلی باری ہمارے صوبے کا چیف جسٹس آرہا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر عدالت نے علی امین کے وارنٹ نکالے ہیں تو پولیس کا کام ہے انہیں گرفتار کرے، جو لوگ پارلیمنٹ سے باہر ہیں وہ چاہتے ہیں ہر ہفتے مرکز پر چڑھائی ہو، یہ چاہتے ہیں وفاق اور کے پی پولیس کی تکرار ہو، کے پی کا جب بھی نام آتا ہے لوگ دہشتگردی کی بات کرتےہیں، ہم اس کو ہٹا کر مثبت چیزوں کی طرف لانا چاہتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کھیلوں کے معاملات صوبے کے پاس آگئے ہیں، کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں، علی امین گنڈا پور کرکٹ کھیلتے رہے ہیں ان کو بھی بلائیں گے پارلیمینٹیرینز کا میچ کروائیں گے، سیاست الیکشن میں کریں گے فی الحال صوبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔