خیبرپختونخوا اسمبلی میں افغان ٹریڈ سے متعلق قرارداد منظور

Published On 23 October,2024 08:59 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی نے افغان ٹریڈ سے متعلق پیش ہونے والی قرارداد کو منظور کر لیا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی ارباب عثمان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت دونوں ممالک کیلئے اہم اور معاشی فوائد کی حامل ہے، موجودہ رکاوٹوں کے باعث دونوں ممالک کا اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا سرحد پار تجارت کا مرکزی راستہ ہے، تجارتی نظام کو بہتر کرنا ضروری ہے، اس تجارت کو مزید وسیع کرنے سے خیبرپختونخوا کی دوسرے ممالک تک رسائی میں آسانی پیدا کی جا سکتی ہے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کاروبار سے صوبے کا وفاق پر انحصار کم ہو جائے گا، حکومت پاکستان افغان حکومت کے ساتھ مل کر تجارت کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے۔