متشدد انتہا پسندوں کیخلاف توانا آواز، جنرل عاصم منیر کو امریکی جریدے کا خراج تحسین

Published On 24 October,2024 10:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جانے لگا، امریکی سینٹرل کمانڈ کے جریدے یونی پاتھ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پُر تشدد انتہا پسندوں کیخلاف ایک زبردست آواز قرار دیا۔

جریدے نے اپنے مضمون میں آرمی چیف کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا، مضمون میں آرمی چیف کی قیادت، فوجی پس منظر، انسداد دہشتگردی کارروائیوں کو اجاگر کیا گیا، آرمی چیف کے دہشتگردی پر مؤقف، ففتھ جنریشن وار فیئر پر روشنی ڈالی گئی۔

مضمون میں آرمی چیف کے جارحیت کے جواب کی صلاحیت، سماجی اور اقتصادی اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

سینٹ کام جریدے نے اپنے مضمون میں جنرل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا، جریدے کے مطابق جنرل سید عاصم منیر کو ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جائے گا جن کا اولین عزم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی ہے۔

جریدے نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ جنرل عاصم منیر نومبر 2022 میں کمان سنبھالنے کے بعد سے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہیں۔

سینٹ کام جریدے نے جنرل سید عاصم منیر کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کوششوں کو سراہتے ہوئے لکھا کہ "ان کی قیادت میں شدت پسند گروپوں (فتنہ الخوارج) کے خلاف وسیع فوجی آپریشن ہوئے ہیں، جن میں 22 ہزار 409 انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز شامل ہیں، جس کے نتیجے میں 398 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے"۔

جریدے کے مطابق "جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ریاست کی رٹ کے سامنے سرتسلیم خم کرنا ہوگا"، جنرل سید عاصم منیر کے مطابق پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرے گا۔

جنرل سید عاصم منیر ففتھ جنریشن وارفیئر سے درپیش چیلنجز کو تسلیم کرتے ہیں اور پاکستان کی خودمختاری کے لیے فوج کی تیاری پر زور دیتے ہیں۔

پاکستان کیخلاف غیرملکی جارحیت کے حوالے سے جریدے کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور گرین پاکستان انیشیٹو جیسے اقدامات کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ملازمتیں پیدا کرنے اور معاشی ترقی کی حمایت کی ہے۔

جریدے نے آرمی چیف کے اقلیتوں کے تحفظ اور سماجی اقدامات کے بارے میں ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ جنرل سید عاصم منیر مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عدم برداشت کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کی ملٹری ڈپلومیسی کو سراہتے ہوئے جریدے نے لکھا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کے دور میں امریکہ جیسے ممالک کے ساتھ فوجی اور سفارتی تعلقات کی مضبوطی اور مختلف ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینا قابل تعریف اقدامات ہیں، جنرل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاک فوج نے ناگہانی آفات سے نمٹنے اور انتخابات کے دوران نظم و نسق برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جریدے نے آرمی چیف کے مستقبل کے وژن کےبارے میں بھی ان کی تعریف کی اور لکھا کہ جنرل سید عاصم منیر کا مقصد پاکستان کے اندرونی چیلنجوں سے نمٹنا اور مسلح افواج اور قوم میں پیشہ ورانہ مہارت، ربط باہمی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔

دفاعی ماہرین

سینٹ کام جریدے میں شائع ہونے والے مذکورہ بالا مضمون کے حوالے سے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کے آرمی چیف کے بارے میں لکھے جانے والا یہ مضمون ایک غیر معمولی اشاعت ہے، اس کا ایک ایک لفظ حقیقت پر مبنی ہے اور اس میں کوئی مبالغہ آرائی نہیں کی گئی۔

ماہرین کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اقدامات، قوم کو یکجا کرنے اور ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

سینٹ کام جریدے میں کسی ملک کی فوج یا اس کے سربراہ کی تعریف کیے جانا معنی رکھتا ہے کیونکہ یہ جریدہ اپنا ایک مقام کا حامل ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق یونی پاتھ ایک پیشہ ور فوجی جریدہ ہے جو مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے خطے میں فوجی اہلکاروں کے لیے ایک بین الاقوامی فورم کے طور پر ریاستہائے متحدہ کی مرکزی کمان سینٹ کام کے زیرنگرانی شائع کیا جاتا ہے۔

سینٹ کام جریدے، یونی پاتھ میں شائع ہونے والے مضامین خالصتاً فوجی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کی اہمیت تسلیم شدہ ہے۔