ارکان اسمبلی اشیائے ضروریہ کے نرخ خود چیک کریں: مریم نواز

Published On 25 October,2024 07:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو روٹی، آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سرگودھا کے رکن صوبائی اسمبلی منور حسین اور سیالکوٹ کے رکن پنجاب اسمبلی محمدفیض نے ملاقات کی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں اورسی ایم انیشیٹو کی مسلسل مانیٹر نگ کا حکم دے دیا۔

مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو روٹی،آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی اور آٹا سب سے سستا ہے، روٹی اورآٹے کے نرخ میں کمی اور استحکام کیلئے سیاسی اور انتظامی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوامی خدمت کا قابل تحسین تاریخی معیار قائم کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائس کنٹرول کا باقاعدہ نظام اور علیحدہ محکمہ قائم کررہے ہیں، عوام کو مہنگائی کی وجہ سے پہنچنے والی معاشی تکلیف کا ازالہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے۔

اس موقع پر ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو متعلقہ حلقوں کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا، ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاح کیلئے شروع کیے گئے منصوبوں کو سراہا اور کاشتکاروں کے لئے تاریخی اقدامات پر وزیراعلیٰ کون خراج تحسین بھی پیش کیا۔