قومی اسمبلی اجلاس کا وقت تبدیل، اہم ترمیمی بل ایجنڈے میں شامل

Published On 03 November,2024 07:21 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے اور اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ایوان زیریں کا اجلاس کل شام 5 کی بجائے 4 بجے ہوگا، جس میں انسداد دہشت گردی ترمیمی بل منظور ہونے کا امکان ہے،  اجلاس کے 7 نکاتی ایجنڈے میں اہم قانون سازی شامل ہے۔

کابینہ ذرائع کے مطابق کل سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرترمیمی آرڈیننس اسمبلی میں پیش ہوگا، رول آف لا انڈیکس میں پاکستان کا 129واں نمبر آنے کا توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا،صدر مملکت کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اسی طرح ایجنڈے میں عالیہ کامران کا پی آئی اے کے طیاروں کو گراؤنڈ کئے جانے پر توجہ دلاؤ نوٹس، وقفہ سوالات اور نکتہ اعتراض بھی شامل ہے، تاہم، انسداد دہشت گردی ترمیمی بل ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے کی بجائے 4 بجے ہوگا، اراکین کو اجلاس کے وقت میں تبدیلی سے آگاہ کردیا گیا ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور حاصل اختیار کے تحت اجلاس کے وقت میں تبدیلی کی۔

حکومت کل قومی اسمبلی اورسینیٹ میں اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے، حکومتی اراکین کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کل منظور ہونے کا امکان ہے۔