خیبرپختونخوا: جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے حکمت عملی تیار

Published On 04 November,2024 03:15 pm

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) خیبرپختونخوا میں جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم نے حکمت عملی تیار کر لی۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے جامعات کے وائس چانسلرز کو حکمت عملی سے متعلق مراسلہ لکھ دیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جامعات میں نئی بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے، محکمہ خزانہ کی اجازت کے بغیر نئی آسامیاں پیدا نہ کی جائیں، غیر ضروری اعزازیہ، الاؤنس، نقدی، کرائے، سبسڈی، اپ گریڈیشن بند کی جائے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے مراسلے میں کہا ہے کہ جامعات کے ملازمین کیلئے کنٹریبیوٹری پنشن فنڈز پالیسی اپنائی جائے، مختلف وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آمدن کو بڑھایا جائے، جامعات کے کرائے، بقایاجات اور انڈومنٹ فنڈز کو یقینی بنایا جائے۔

مراسلے کے مطابق ریونیو ماڈل تیار کرنے کیلئے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن سے مدد لی جائے، انڈسٹریز پارٹنرشپ اور گرانٹ کے حصول کیلئے اوریک آفس سے مدد لی جائے، داخلہ اور دیگر فیسوں کے طریقہ کار کو ڈیجیٹائز کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فیکلٹی ملازمین کو انتظامی عہدوں سے فوری ہٹایا جائے، جامعات میں طلباء کے داخلے بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، بیشتر جامعات کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے کی درخواستیں آئی ہیں، جامعات کو حکومتی فنڈز پر انحصار کی بجائے حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئےآڈٹ کرے گا، ان اقدامات پر عملدرآمد کے بغیر جامعات کو امدادی فنڈ فراہم نہیں ہو گا۔