کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی اردو یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد منسوخ کر دیا۔
وفاقی وزارت تعلیم نے اردو یونیورسٹی انتظامیہ کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا۔
خط میں وفاقی وزارت تعلیم نے کہا کہ یونیورسٹی مالی معاملات کے باعث جلسہ تقسیم اسناد کے انعقاد کی متحمل نہیں، براہ کرم اس شیڈول کو ملتوی کر دیا جائے۔
یاد رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد 9 نومبر کو منعقد کیا جانا تھا، تقریب 13 برس بعد گورنر ہاؤس کراچی میں ہونا تھی جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی معاملات انتہائی خراب ہیں، تنخواہیں اور پنشن میں کئی کئی ماہ تاخیر ہو رہی ہے جبکہ ہاؤس سیلنگ روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ اور ملازمین نے کئی روز تک احتجاج اور کلاسوں کا بائیکاٹ بھی کیا۔