لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے کاشتکاروں کیلئے اربوں روپے کا انعامی پیکیج متعارف کرا دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کیلئے مفت ٹریکٹرز اور لینڈلیولر کا اعلان کر دیا گیا، ساڑھے 12 تا 25 ایکٹر رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے 1000 لینڈ لیولرز مفت دیئے جائیں گے، 25 ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کرنے والے کسانوں کو 1000 گرین ٹریکٹرز بالکل مفت ملیں گے۔
ان کا کہنا ہے پنجاب کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پورا ساتھ دیں گے، کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے، پنجاب میں کاشتکار کی خوشحالی اور زراعت کی بحالی اولین ترجیح ہے، گندم کی کاشت پر کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے بلاسود معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ مہیا کی جا رہی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ چند ماہ میں کاشتکاروں کیلئے ایسے ریکارڈ پراجیکٹ شروع کئے جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، گندم کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز اور لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی دیئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکار مفت ٹریکٹر اور لینڈلیولرز کے لئے ایگری کلچر کی ویب سائٹ اور فیس بک پر رجوع کر سکتے ہیں، گندم کے کاشتکار متعلقہ محکمہ زراعت کے توسیع آفس سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔