میں نہیں سمجھتا عمران کی رہائی کیلئے امریکہ سے کال آئے گی: عطا تارڑ

Published On 08 November,2024 10:55 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا عمران خان کی رہائی کیلئے امریکہ سے کال آئے گی۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرکہا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو جائے گی، پہلےامریکہ کی غلامی نامنظور کے نعرے لگائے، اب کیا غلامی منظورکےنعرے لگائےجائیں گے؟

انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا امریکہ سے ایسی کوئی کال آئے گی، ماضی میں نوازشریف کو کال آئی تھی کہ ایٹمی دھماکےنہ کریں، نوازشریف نےکال کے باوجود ایٹمی دھماکے کیے، امریکہ سےکال آنےوالی مضحکہ خیزباتیں کی جارہی ہیں، میرے سامنےبانی پی ٹی آئی کی رہائی سےمتعلق کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سنگجانی،لاہور کا جلسہ ناکام ہوا، ناکامی ان کا مقدربن چکی ہے، ان سے چھ سے7ہزاربندے اکٹھے نہیں ہوتے، صوابی جلسہ کرکے شوق پورا کرلیں، یہ صرف شورشرابا کرتےہیں۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ 4 کنٹینرہٹا نہیں سکتے تو تحریک کیسےچلائیں گے؟ جبکہ منی بجٹ کی باتیں کرنے والے سن لیں کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا، سب افواہیں ہیں، مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پرآچکی ہے، معاشی حالات دن بدن بہترہورہےہیں۔

بلاول بھٹو کے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تحفظات کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی جوڈیشل کمیشن کے قیام پرذاتی رائے تھی،ناراضگی نہیں۔

کرکٹ ٹیم کے حوالے سے سوال پر عطا تارڑ نے کہا کہ اگرانگلینڈ، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل سکتی ہیں توبھارتی ٹیم کیوں نہیں؟ بھارت کو کرکٹ میں سیاست نہیں کرنی چاہیے، چمپیئنزٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی۔

وفاقی وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سےباضابطہ کوئی پیغام نہیں آیا، دبئی میں کھیلنے کے حوالے سے میڈیا میں خبریں دیکھی ہیں، سارے میچز پاکستان میں ہی ہوں گے، بھارت اگر نہیں کھیلتا توان کی مرضی ہے، چیئرمین پی سی بی سےاس حوالےسےبات کریں گے۔