ڈی جی پاسپورٹ کی 15 دسمبر تک تمام کیٹگری کے پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی

Published On 11 November,2024 03:25 pm

اسلام آباد: (عادل تنولی) ڈی جی پاسپورٹ نے 15 دسمبر تک تمام کیٹگری کے پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدرات اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں پاسپورٹ اجرا میں تاخیر کے معاملے پر بحث ہوئی۔

ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفنگ میں بتایا کہ 20 سالہ پرانی مشینیں ٹارگٹ پورا کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتیں، فاسٹ ٹریک کیٹگری میں بیگ لاگ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ پرانی مشینوں سے روزانہ 75 ہزار پاسپورٹس بنتے تھے، ارجنٹ پاسپورٹ کیٹگری میں 1 لاکھ 70 ہزار کا بیگ لاگ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گا، بیگ لاگ کی بڑی وجہ فنڈز کی کمی، پرانی مشینری اور پیپرز کی بر وقت دستیابی نہ ہونا تھی۔

ممبران اسمبلی بولے لوگوں کو دس دس ماہ سے پاسپورٹس نہیں مل رہے جس پر پاسپورٹ حکام نے بتایا کہ کورونا کے بعد پاسپورٹ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا، جرمنی سے نئے پرنٹرز منگوا کر کام شروع کر دیا گیا ہے اب ایک گھنٹہ میں 4 ہزار پاسپورٹس پراسس ہوتا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے ممبران اسمبلی کے کل تک پاسپورٹ جاری کرنے کے احکامات دے دیئے، سیکرٹری داخلہ نے کمیٹی کو بتایا فنڈز کیلئے بھیجی گئی سمری بھی وزارت خزانہ نے مسترد کر دی، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وزارت خزانہ حکام سے بریفنگ طلب کر لی۔