اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین سیاسی و مختلف امور کے حوالے سے تعاون اور تحفظات دور کیلئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کمیٹی تشکیل دیدی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی بنائی گئی کمیٹی کے ارکان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ شامل ہیں۔
اسی طرح وزیر ریاستی و سرحدی امور انجینئر امیر مقام، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، جعفر خان مندوخیل اور بشیر احمد میمن بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے کمیٹی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد سیاسی تعاون اور مسائل کے حل کی ذمہ داری سونپ دی، کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تعین کردہ ممبران کے ساتھ بات چیت سے آئندہ کے لائحہ عمل کو طے کرے گی۔