اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہر شہری کو ملک میں آزادانہ نقل و حرکت کا حق حاصل ہے، سڑکوں اور راستوں کا بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران مختلف شہروں میں راستوں کی بندش کے خلاف اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی دارالحکومت، بڑی شاہراہوں اور موٹرویز کو بند کردیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کنٹینرز کی دیواروں سے گھیر لیا گیا ہے،فوری طور پر تمام راستوں کو کھولا اور ناکہ بندی ختم کی جائے، سڑکوں اور راستوں کا بند کرنا مسئلہ کا حل نہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے دھرنوں اور احتجاج کی مذمت کرتے ہیں، نام نہاد سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کےلیے وفاقی دارالحکومت پر قبضہ خدمت نہیں۔
سپریم کورٹ بار کے اعلامیے یہ بھی واضح کیا گیا کہ آرٹیکل 16 احتجاج کی اجازت دیتا ہے لیکن یہ سیاسی خواہش کےلیے استعمال نہیں ہو سکتا، خیبر پختوانخوا حکومت دھرنے ریلیوں کی حمایت کر رہی ہے، ایک روز قبل خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا، سیاسی جماعت امن و عامہ کی صورتحال کے تناظر میں احتجاج کی کال پر نظر ثانی کرے۔
سپریم کورٹ بار کا اپنے اعلامیے میں مزید کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز بات چیت سے معاملہ حل کریں تاکہ مسائل سے بچا جا سکے، سپریم کورٹ بار قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی میں تعاون جاری رکھے گی۔