راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں چکری کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق فورس نے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی، اس دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ دو فرار ہو گئے جن کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں، بارودی مواد برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں فتنہ الخوارج کی ممکنہ دہشتگردانہ کارروائیوں کا تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں دہشتگردی کر سکتی ہے۔