اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں پولیو وائرس کے مزید 3 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔
ذرائع وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ملک میں پولیو سے مزید 3 بچے متاثر ہوگئے جس کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولیو سے متاثر ہونے والے 2 بچوں کا تعلق بلوچستان اور ایک کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، بلوچستان میں پولیو وائرس کے شکار بچوں کی تعداد 26 اور خیبرپختونخوا میں متاثرہ بچوں کی تعداد 14 ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں اب تک پولیو سے 13 بچے متاثر ہیں جبکہ اسلام آباد اور پنجاب میں ایک ایک بچہ پولیو سے متاثر ہوا ہے۔
دوسری جانب اسی حوالے سے محکمہ صحت بلوچستان نے بتایا کہ پولیو کے نئے کیسز ضلع ژوب اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال ژوب سے رپورٹ ہونے والا پولیو کا یہ تیسرا اور جعفرآباد سے دوسرا کیس ہے۔
اس سے قبل قلعہ عبداللہ سے پولیو کے 6، کوئٹہ سے 3، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن سے پولیو کے 2 ،2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ڈیرہ بگٹی، چاغی، جھل مگسی، خاران، نوشکی اور لورالائی سے پولیو کا ایک، ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔