وزیراعلیٰ سندھ کا پولیو ٹیم سے ناروا سلوک کا نوٹس، رپورٹ طلب کر لی

Published On 01 November,2024 12:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے ناظم آباد بلاک 3 میں پولیو ٹیم سے ناروا سلوک کانوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیڈی کانسٹیبل پر تشدد کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ کسی بھی قسم کا ناروا سلوک برداشت نہیں کروں گا، انتظامیہ اور پولیس پولیو ٹیم کی سکیورٹی کو یقینی بنائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ناظم آباد بلاک 3 میں جس نے پولیو ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک کیا ہے اس کے خلاف کارروائی کی جائے، ملک سے پولیو کے وبائی مرض کا خاتمہ ہونا اشد ضروری ہے، پولیو ہمارے بچوں کا دشمن اور ہماری خوشیوں کا قاتل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے بطور پاکستانی ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انکاری افراد اپنی ناخواندگی، کم معلومات اور وسوسوں کی وجہ سے اپنے بچوں کو پولیو وائرس کے حوالے کر رہے ہیں۔