ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا ، تعداد 46 ہوگئی

Published On 05 November,2024 08:58 am

اسلام آباد : (فوزیہ علی) ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور نیا کیس سامنے آگیا، بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق قلعہ سیف اللہ بلوچستان کا بچہ پولیو سے معذور ہوگیا ، بچے کی عمر صرف چند ماہ ہے، قلعہ سیف اللہ سے پولیو کا رواں سال کا یہ دوسرا کیس ہے جس کے بعد ملک بھر میں رواں سال رپورٹ ہونیوالے پولیو کیسز کی تعداد 46 ہوگئی ہے ۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق بلوچستان سےپولیو کیسز کی مجموعی تعداد23 تک پہنچ گئی جبکہ سندھ میں 12، خیبر پختونخوا میں 9 بچے پولیو سے معذور ہوئے۔

اسی طرح پنجاب اور اسلام آبار سے ایک ، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے, رواں سال ملک کے 76 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔