پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ضلع کرم کے علاقہ اوچت میں مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ایم این اے، ایم پی اے اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کر دی، وفد کرم جاکر وہاں کے حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پہلے والے جرگے کو پھر سے فعال کیا جائے، صوبے میں تمام شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لئے پراونشل ہائی ویز پولیس کے قیام پر کام کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: لوئرکرم میں مسافرگاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ ، 38 افراد جاں بحق
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔