اسلام آباد، ملتان ،چیچہ وطنی: (دنیا نیوز) پولیس نے اسلام آباد احتجاج میں شرکت کیلئے جانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق ملتان سے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کو اسلام آباد جاتے ہوئے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، زین قریشی، معین الدین قریشی اور رانا طفیل نون کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا۔
چیچہ وطنی سے پی ٹی آئی کے ایم این اے رائے حسن نواز خان کو بھی حراست میں لیاگیا ہے، پولیس رائے حسن نواز کو گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے گئی۔
ادھر اسلام آباد میں بھی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے، پولیس نے فیض آباد کے مقام سے 13 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ ہم نے اسلام آباد میں ایک مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے، ہمارا مقصد لوگوں کی جان،مال اور عزت کی رکھوالی ہے، چاہتے ہیں کوئی شرانگیزی یا ایسا کام نہ ہو جس سے لوگوں کو نقصان ہو، کسی کے پاس اسلحہ یا غیر قانونی چیز ہوگی توایکشن لیا جائے گا، سی ٹی ڈی کا آپریشن بھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس 7/24 کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے، ایئرپورٹ آنے اور جانے والوں کیلئے کوئی مسئلہ نہیں، کوئی روڈ بند ہے تو اس کے ساتھ ایک لین کو کھلا رکھا ہے۔