پی ٹی آئی کے سیاسی دھارے میں آنے سے ہی بات بنے گی: ناصر حسین

Published On 26 November,2024 04:51 pm

سکھر:(دنیا نیوز) وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سیاسی دھارے میں آنے سے ہی بات بنے گی۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ انتشاری ٹولا ہے، ہمیشہ ان کے احتجاج میں دہشت گردی اور ہنگامے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا پورا ٹریک ریکارڈ ہے جس میں عسکری تنصیبات پر حملے بھی شامل ہیں، کارکنان کو کہتے ہیں جیل بھرو تحریک اور اب کہہ رہے ہیں کہ مجھے بچاؤ۔

وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک میں بہتری کی بات ہوئی یا بڑے اجلاس ہوئے تو یہ احتجاج کرتے ہیں، سائفر لہرایا گیا کہ ہم کوئی غلام ہیں، اب انہی کے ساتھ رابطے ظاہر ہوئے ہیں،اب بیلا روس کی قیادت آئی ہے اور یہ لوگ دھرنے کی بات کررہے ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں، خان صاحب کو آزاد کرانے کی بات کرتے ہیں، خان صاحب کو رہائی عدالتوں سے ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے خان صاحب کے وکیل خود کو آگے لا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے اپنے صوبے میں امن لائیں، اپنے صوبے کے بجائے پر امن شہر کا امن خراب کر رہے ہیں، اگر تحریک انصاف سیاسی دھارے میں آئے گی تو پھر بات ہوگی۔

وزیر سندھ نے کہا کہ حکومت کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں کہ ان حالات میں سکیورٹی فراہم کررہی ہے،یہ لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں جبکہ حکومت نہیں چاہتی، پر امن احتجاج اور دھرنے کے خلاف نہیں مگر ان کے احتجاج ہمشیہ پرتشدد رہے ہیں، ٹرمپ اور عمران خان کے تعلقات کا پتہ نہیں مگر دونوں میں مماثلت ہے۔