پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

Published On 29 November,2024 08:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف پر پابندی کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی، قرارداد لیگی ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے پیش کی۔

پنجاب اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی ملک بھر میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش کی پر زور مذمت کرتا ہے، تحریک انصاف نے پُرتشدد احتجاج سے ملک بھر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراو کیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے پولیس اہلکاروں کو شدید زخمی کیا، کے پی کے وزیر اعلیٰ نے دوبار وفاق پر لشکر کشی کی، وفاق پر چڑھائی کی۔

متن کے مطابق اس سیاسی جماعت نے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے پھر ایک دفعہ 9 مئی والے حالات پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ تحریک انصاف پر فوراً پابندی لگائی جائے تاکہ ملک کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔