صدارتی امیدوار اصغر علی کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست خارج

Published On 03 December,2024 11:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست کو 20 ہزار جرمانے کے ساتھ خارج کر دیا۔

صدارتی امیدوار اصغر علی مبارک کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بنچ نے کی۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ 184 تین کے تحت آپ نے درخواست دائر کی اس میں کون سا عوامی مفاد کا معاملہ ہے؟

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ نے ہائی کورٹ سے کیوں نہیں رجوع کیا؟ جسٹس امین الدین خان کا کہنا تھا کہ اب تو درخواست ویسے بھی غیر موثر ہو چکی ہے۔

بعدازاں عدالت نے درخواستگزار اصغر علی مبارک کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کردی اور سپریم کورٹ نے جرمانے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بعد رسید بھی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔