کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر ہاؤسنگ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کہیں نہ کہیں دشمن ملک سے سپورٹ مل رہی ہے۔
کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں صوبا ئی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس میں دیکھ لیں بھارت کی جانب سے فنڈنگ کی گئی ہے، پی ٹی آئی غیر ملکی امداد لیتی رہی اس کا ریکارڈ موجود ہے، 9 مئی کے کیسز میں پی ٹی آئی کو ریلیف ملتا رہا، پی ٹی آئی کے کیسز میں عدالتیں ریلیف دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ درجنوں امریکیوں نے بانی پی ٹی آئی کے حق میں خطوط لکھے، فلسطین میں ظلم پر قرار داد نہیں آتی،یہاں جیل میں پڑے انسان کے حق میں قرارداد لائی گئی، 9مئی پہلا نہیں تھا اس سے پہلے بھی ہوا اور بعد میں بھی ہوا، یہ ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں اور باہر گھوم پھر رہے ہوتے ہیں۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتجاج میں خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کیے، بہت بڑی تعداد میں لوگ کے پی سے لائے گئے،جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں، پی ٹی آئی کا مستقبل پی ٹی آئی پی میں ہے، ہم چاہتے ہیں پی ٹی آئی سیاسی دھارے میں شامل ہو۔
ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ملک اس وقت ترقی کی طرف جارہا ہے، ہم معیشت کی بہتری کی طرف جارہے ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ہمیں سب سے پہلے ملک کا سوچنا چاہیے۔