کراچی: (دنیا نیوز) درسی کتب کی عدم فراہمی کا کیس، سندھ ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور سندھ حکومت کی جانب سے رپورٹس پیش کی گئی ہیں، سندھ حکومت نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سات رکنی اعلیٰ سطحی اوور سائٹ کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی کی سربراہی چیف سیکرٹری سندھ کریں گے۔
حکم نامے کے مطابق کمیٹی میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، سی ایم آئی ٹی رکن، متعلقہ ڈپٹی کمشنر و دیگر بطور ممبر شامل ہیں۔
کمیٹی محکمہ سکول ایجوکیشن کے موجودہ اور مستقبل کے منصوبوں کی نگرانی کرے گی، کمیٹی محکمہ سکول ایجوکیشن میں غیر ملکی فنڈنگ والے منصوبوں کی نگرانی کرے گی، کمیٹی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے متعلقہ سٹیئرنگ کمیٹی کو تجاویز پیش کرے گی۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی فنڈز کے صحیح استعمال سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کی رپورٹس کا جائزہ لے گی، کمیٹی منصوبوں میں شفافیت، بروقت تکمیل اور فنڈز کے استعمال کی مانیٹرنگ کرے گی۔
حکم نامے کے مطابق دو رکنی بینچ نے 9 اکتوبر کے اپنے حکم نامے میں ترمیم کر دی، عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ کو کمیٹی کی ماہانہ رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے درخواست چار ہفتوں بعد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔