پاک روس تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں: اویس لغاری

Published On 05 December,2024 05:46 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ ہم پاک روس تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ پاک روس تعلقات نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانے کے لیے ہیں نہ ہی کسی کے مفاد کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان روس تعلقات پر مغرب کو ناراض نہیں ہونا چاہیے، ان تعلقات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا، یہ فوائد اقتصادی فوائد میں تبدیل ہو جائیں گے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ تیسری دنیا کے ممالک کی ترقی کے لیے عالمی طاقتوں کے درمیان مؤثر اور مسلسل رابطہ ناگزیر ہے، ہم روس کے ساتھ ثقافتی تعلقات، کھیل اور انسانی وسائل کی ترقی کے میدانوں میں تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ مارچ سے پاکستان اور روس کے درمیان آزمائشی مال بردار ٹرین چلے گی، ہم پاکستان اور روس کے درمیان براہِ راست فضائی سروسز کے قیام پر غور کر رہے ہیں، فضائی سروس سے عوام کے درمیان رابطے بڑھیں گے اور کاروبار کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو برکس فریم ورک کے اندر رکن ممالک کے ساتھ بہتر اور قریبی علاقائی تعاون کا فائدہ ہوسکتا ہے۔