کراچی :(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل جے یو آئی (ف) سندھ راشد محمود سومرو نے کہا کہ مدارس کا معاملہ حکومت کے ہاتھ میں ،ایکٹ بنائیں ورنہ ہم اسلام آباد جائیں گے۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ آج کےعلما کےاجلاس پرکسی قسم کا تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، مدارس کی رجسٹریشن کا مسئلہ حکومت کےساتھ ہے، پارلیمان میں اتحاد تنظیمات مدارس کا نمائندہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم پر حکومت نےمعاہدہ کیا اب اس کی پاسداری کرے، معاہدے کی خلاف ورزی مدارس نہیں حکومت کررہی ہے،عالمی ایجنڈا ہے مدارس کوکنٹرول کیا جائے، ہم کہتے ہیں مدارس آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، ہم مدارس کو سکول، کالجز کی طرح حکومت کے ماتحت نہیں کر سکتے۔
سیکرٹری جنرل جےیوآئی (ف) سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت کےمسودوں کی پہلےنہ اب کوئی وقعت ہے، مسودہ وہی ہوگا جسےتمام جماعتوں نے قبول کیا تھا۔
راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ یہ وہی مسودہ ہےجس پر صدر کو دستخط کرنا پڑیں گے، معاملہ حکومت کےہاتھ میں ہے،ایکٹ بناتےہیں یا ہم اسلام آباد جائیں گے۔