لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج اداروں کا ایک پیج پر ہونا ملک و قوم کے لئے خوش آئند ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پرمسلم لیگ کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد کے ہمراہ آئے وفد نے ملاقات کی، چودھری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک شرپسند ٹولہ اپنی سازش میں ناکام ہوا، افواج پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اگرچہ اس وقت ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اس معاملے پر بات کرنا ضروری سمجھتا ہوں، اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر ورکنگ ریلیشن شپ سے قومی مسائل تیزی کے ساتھ حل کئے جاسکتے ہیں، اس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی امور کو طے کرنے کے لئے اچھا طرز حکمرانی ضروری ہے اور اچھا طرز حکمرانی اداروں کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن شپ سے ہی آتا ہے، ایک مفاد پرست ٹولے نے ملکی صورتحال کو تباہ کرنے کے لئے بہت سے معاملات کو ایک ساتھ شروع کردیا، یہ لوگ ملکی وقار کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر داؤ پر لگانا چاہتے تھے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر نے کہا کہ بعض محب وطن شخصیات نے حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے عوام کو ایک نئی سوچ دی ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ سوچ کامیاب ہوگی اور یہ ٹولہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوگا، میں یہ بات خاص طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ محب وطن شخصیات نے اس ٹولے کے پیدا کردہ حالات پر قابو پالیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ یہ شخصیات اور دیگر محب وطن لوگ اداروں کو ایک پیج پر لے آئے جس کے نتیجے میں اس مفاد پرست ٹولے کو منہ کی کھانا پڑی، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے، افواج پاکستان ہمارے ملک کی حفاظت کرتی ہیں، ہم انہیں اور ان کے ساتھ کھڑے جوڈیشنل اور سول اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔