کراچی :(دنیا نیوز) سنینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سی پیک صرف راہداری نہیں پاک چین قربت کا راستہ ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کی ہر طرح کی معاونت کرے گی، چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف راہداری نہیں دو ملکوں کی قربت کا راستہ ہے، چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ 4 ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، صدر زرداری نے سی پیک منصوبے کی بنیاد رکھی، منصوبہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرے گا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ دھابیجی میں میڈیکل سٹی بنےگی، چاہتے ہیں پاکستانی اورچینی تاجروں میں قربت بڑھے، ہم سندھ میں ماحول دوست ٹیکسی سروس متعارف کروا رہے ہیں، سندھ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرےگی۔
سینئر وزیر نے کہا کہ میڈیکل سٹی میں50 ہزارنوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی، چینی وفد کی صدرآصف زرداری سےملاقات ہوئی، صدر نے چینی وفد سے کہا سندھ سمیت ملک بھرمیں سرمایہ کاری کی جائے، چینی وفد نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر چل رہے ہیں، سندھ میں ماحول دوست ٹیکسی سروس متعارف کروا رہے ہیں، پاکستان اور چین کے تاجروں کو قریب لائیں گے، تاجروں کا اعتماد بحال اور ان کو مضبوط کرنا ہوگا، چین پاکستان میں مختلف انڈسٹری زون بنانے میں مدد کر رہا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ صنعت کے شعبے میں حکومت اقدامات کر رہی ہے، ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع مہیا کر رہےہیں۔