مدارس رجسٹریشن بل پر قانون سازی، جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مدد مانگ لی

Published On 14 December,2024 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی رابطہ ہوا، جے یو آئی نے مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل کے تناظر میں خیبرپختونخوا میں قانون سازی کے لئے پی ٹی آئی سے مدد مانگ لی۔

پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور جے یوآئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل سے پیدا شدہ صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں سیاسی امور پر دوطرفہ سیاسی تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، اس موقع پر اسد قیصر نے کامران مرتضیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی بتائے کہ پی ٹی آئی مدارس کے مسئلہ میں جے یو آئی کی کیا مدد کرسکتی ہے۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے اندرونی مشاورت سے طے کر لے کہ جے یو آئی کے ساتھ چلنا چاہتی ہے یا نہیں؟، کامران مرتضیٰ نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے جے یو آئی اور مدارس سے متعلق متضاد بیانات کی بھی نشاندہی کی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی مدد کرنا چاہتی ہے تو مدارس رجسٹریشن ترمیمی بل کی روشنی میں دینی مدارس سے متعلق خیرپختونخوا اسمبلی بھی قانون سازی کرے، مرکز سے منظور ہونے والے بل کا دائرہ کار صرف اسلام آباد تک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلی سے بھی قانون سازی کے لیے صوبائی حکومتوں اور سیاسی قیادت سے بات کرے گی۔