اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے ہم نے کوئی شرط نہیں رکھی البتہ مطالبات ضرور رکھے ہیں۔
ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا بانی پی ٹی آئی نے اس سے قبل بھی کہا تھا، مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں، سیاسی مسائل کا حل سیاسی بیٹھک سے ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی مذاکرات ہوئے لیکن ایک اسٹیج سے قبل رابطہ ختم ہوگیا، بس بہت ہوگیا اب ملک کو بہتری کی طرف بڑھنا چاہیے۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج پر تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمات کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کیس کی سماعت کی، بیرسٹر گوہر اپنے وکلاء سردار مصروف، آمنہ علی اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت جج شہزاد خان نے ریمارکس میں کہا کہ ان مقدمات میں دیگر 7 ملزمان بھی نامزد ہیں مجھے امتحان میں نہ ڈالیں۔
ایڈووکیٹ سردار مصروف نے کہا کہ دیگر ملزمان کا علم نہیں کب پیش ہوں جس پر جج شہزاد خان نے ریمارکس دیئے کہ بیرسٹر گوہر کی حد تک حاضری استثنیٰ کی درخواست دائر کر دیا کریں منظور کر لیا کروں گا۔
بعدازاں عدالت نے مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کو درخواست بریت دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔