اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرِ ہند کے علاقے میں سمندری تعاون کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے، سمندر سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
چین کی عالمی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے زیر اہتامم چین کے شہر کُن مِنگ میں بلیو اکانومی تعاون پر تیسرے چین بحرِ ہند علاقائی فورم سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ، آلودگی اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی جیسے مسائل کا حل کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بحری شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت کا خواہاں ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ ہمارا خطہ امن، ترقی اور پائیداری کا گڑھ بنا رہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ مستقبل کی عالمی معاشی ترقی مشرقی ممالک پر انحصار کرے گی، دنیا کی بڑی آبادی چین اور ہمارے خطے کے دیگر ممالک میں رہتی ہے۔
صدر مملکت نے ویڈیو پیغام میں بحر ہند میں امن، ترقی اور پائیداری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، پاک-چین اقتصادی راہداری کے تحت گوادر پورٹ کو ترقی دی جا رہی ہے ، گوادر پورٹ کو علاقائی روابط کے مرکز میں بدلا جا رہا ہے۔