جی ایچ کیو حملہ: فرد جرم کے خلاف عمران خان سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں خارج

Published On 20 December,2024 05:36 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) نومئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عدالت نے عمران خان، شاہ محمود اور وزیر اعلیٰ کے پی سمیت 13 رہنماؤں کی درخواستیں مسترد کردیں۔

 جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کے خلاف عمران خان اور دیگر رہنماؤں نے درخواستیں دائر کیں جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ فیصلہ سنادیا اور درخواستیں مسترد کردیں۔

عدالت نے فواد چودھری، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، شیخ رشید احمد کی درخواست بھی مسترد کردی اور کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بادی النظر میں شواہد موجود ہیں جبکہ سانحہ 9 مئی کے 5 ملزمان میجر ستی، ایم این اے احمد چٹھہ کی عمرہ پر جانے کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔

عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس سماعت کی عدالتی کارروائی ریکارڈ کرنے اور اس کی فوٹیج فراہمی درخواستوں کی سماعت کل تک ملتوی کردی جب کہ کرنل اجمل صابر، خلیق زیاد کیانی کی 24 نومبر احتجاج کیس پر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت بھی کل تک ملتوی کردی۔