جوڈیشل کمیشن اجلاس: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں 6 ماہ کی توسیع

Published On 21 December,2024 07:21 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو 6 ماہ کے لیے توسیع دے دی گئی، جبکہ اجلاس میں رولز کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کچھ رولز میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے نئے ایڈیشنل ججز کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی شرط نکال دی گئی ہے جبکہ کسی امیدوار کی انٹیلی جنس رپورٹ لینا نہ لینا کمیشن کی صوابدید ہوا کرےگا، ہائیکورٹ چیف جسٹس کے لیے 3 نام زیر غور آئیں گے۔

ڈرافٹ کے مطابق سینئر جج کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نہ بنانے پر وجوہات بتانا لازمی ہوں گی، سپریم کورٹ میں جج تعیناتی کے لیے ہائیکورٹ سے 5 نام آیا کریں گے۔

خیال رہے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بینچ کی تشکیل برقرار رکھنے کا فیصلہ سات ،چھ کے تناسب سے ہوا، جسٹس جمال مندوخیل نے تمام سپریم کورٹ ججز کو آئینی بنچ میں شامل کرنے کی تجویز دی، ووٹنگ میں سات ممبران نے بینچ برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ جوڈیشل کمیشن نے نئے رولز کے تحت ایڈیشنل ججز کے لیے نامزدگیاں تین جنوری تک طلب کر لیں، ایڈیشنل ججز کے لیے نامزدگیاں متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے ذریعے بھیجی جائیں گی، ایڈیشنل ججز کے لیے پہلے سے بھیجے گئے نام متفقہ طور پر واپس لے لیے گئے۔