گڑھی خدا بخش :(دنیا نیوز) صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی طاقت اور دعاؤں سے ملک کو مشکل حالات سے نکالیں گے۔
گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج اگر وہ دوبارہ صدر بنے ہیں تو عوام کی طاقت سے بنے ہیں، بینظیر بھٹو شہید ہیں اور شہید کبھی مرا نہیں کرتے، ہم نے 45 سال بعد بھی ذوالفقارعلی بھٹو کا فیصلہ ریورس کروا کے دنیا کو بتا دیا کہ ان کا عدالتی قتل ہوا، اب دنیا کو تاریخ میں ماننا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا قانونی قتل ہوا تھا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم عوام اور گڑھی خدابخش کو جوابدہ ہیں۔ دھرتی کے ساتھ، فیڈریشن کے ساتھ، پاکستان کے ساتھ وفا ہے، پاکستان کو بچانا ہے، اگر کوئی سپر پاور ہے تو ہماری بھی ایک سپر پاور ہے، مولا ہی پاور ہے جس پر ہم یقین رکھتے ہیں، عوام کی طاقت اور دعاؤں سے ملک کو مشکل حالات سے نکالیں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں، ہم ملک کو خوشخبریاں دیں گے، یہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ہم سب کو سنبھالیں گے، ہر چیز کو ٹھیک رکھیں گے، ’ہاں مشکلیں ہیں، تکلیفیں ہیں، مگر یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں، روز مسئلے اور تکلیفیں ہوتی ہیں، روز گرجتے ہیں اور لرزاتے ہیں، ہم ان گردوں سے لڑنے اور بھڑنے کے پرانے واقف کار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی پرواہ کرنے کی ضرورت نہیں، ان سب کو میں دیکھ لوں گا، نہ آپ کا پانی کہیں جاتا ہے نہ گیس کہیں جاتی ہے، سب آپ کو ملے گا جو آپ کا حق ہے، جو دوسروں کا حق ہے وہ ان کو ملے گا، خیبرپختونخوا کو اس کا حق ملے گا بلوچستان کو اس کا حق ملے گا، پنجاب کو بھی حق ملے گا اور سندھ کو بھی ملے گا، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی فیصلہ نہیں ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا میں ماڈرن چیزیں ضرور ہورہی ہیں مگر وہ سب انسان کو فائدہ دیں گی، جو چیز انسان کو فائدہ دے گی وہ پاکستان کے لیے بھی فائدے کی ہی ہوگی۔