اینٹی کرپشن سیاسی قیادت کے بعد بیورو کریسی کے خلاف بھی سرگرم

Published On 31 December,2024 09:41 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں محکمہ اینٹی کرپشن سیاسی قیادت کے بعد بیورو کریسی کے خلاف بھی سرگرم ہو گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ صحت کے سینئرافسران کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ٹھیکیدار کو گرفتار کرلیا گیا، محکمہ صحت کے سینئرافسران میں گریڈ 18 سے گریڈ 20 کےافسران شامل ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق مقدمہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے 3 سابق ڈائریکٹرزسمیت 5 اہلکار شامل ہیں، ملزمان پر ٹھیکوں میں بے ضابطگیوں اورسرکاری اختیارات کے ناجائزاستعمال کے الزامات ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ میڈیکل کمپلیکس کےافسران نےصوبائی خزانے کو88 لاکھ روپےسے زائد کا نقصان پہنچایا، میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ کے حوالے سے شکایت کے بعد انکوائری کی گئی۔

اینٹی کرپشن کے مطابق متعلقہ ریکارڈ کا آڈٹ معائنہ کیا گیا، محکمہ صحت کے سینئرافسران کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔