بلوائیوں کو ریلیف ملے گا تو ملک میں 9 مئی بار بار ہوگا: عظمیٰ بخاری

Published On 03 January,2025 12:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے اگر بلوائیوں کو ریلیف ملے گا تو ملک میں باربار 9 مئی جیسا سانحہ ہو گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ایک طرف آپ معافی نامہ دیتے ہیں دوسری طرف یہ باہر نکل کر غلط زبان استعمال کررہے ہیں، ان کا وہی جذبہ ہے، یہ 9مئی دوبارہ دہرانے کیلئے تیار ہیں، ان کو تو معافی نہیں ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کیا ان کو کسی رعایت کا مستحق ہونا چاہیے؟ کے پی کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں فسادیوں کے اعزاز میں تقریب ہوتی ہے، ان فسادیوں کو وہاں ہلہ شیری اور شاباش دی جاتی ہے، ان کو کہا جاتا ہے ویری گڈ بڑا کارنامہ سرانجام دیکر آئے ہو۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جو گڑگڑا کر معافیاں مانگ کر باہر آئے ہیں ان کو دوبارہ ملک میں آگ لگانے کا کہا جارہا ہے، ان کے تاثرات ملک میں دوبارہ آگ لگانے کیلئے نظر آرہے ہیں، ایسے لوگوں کو معافی نہیں ملنی چاہیے، آنے والے دنوں میں کسی کا ریلیف بنتا تھا تولگتا ہے ان کے دروازے بند کیے جارہے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ان فسادیوں کیلئے یہ رعایت پاک فوج کی طرف سے آئی ہے،ان کو بھی دوبارہ سوچنا پڑے گا، معافی اس کو ملتی ہے جو معافی مانگ رہا ہو، عمران خان نے کبھی اپنے اعمال پر معذرت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی نے زندگی میں بڑے گناہ کیے وہ شرمندہ نہیں ہوئے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے جھوٹ بہت بولتے ہیں، پی ٹی آئی والے آسانی سے کہہ دیں گے کہ کوا سفید ہوتا ہے، الزام لگا کر مظلوم بنتے ہیں،پھر ہیرو بن کر سوشل میڈیا پر مشہور ہوتے ہیں، ان کی باتوں کو اتنا سیریس نہیں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں بھنے ہوئے دیسی مرغے ،ڈرائی فروٹ کھاتے ہیں، عمران خان کی خدمت میں پیش کرنے کیلئے کیا رہ گیا ہے، انہوں نے ہر چیز میں سیاست کرنی ہے، ان کا کوئی معاملہ جیل ریفارم کا نہیں، خیبرپختونخوا میں جیلیں ٹوٹتی ہیں،وہاں کسی کی نظر نہیں جاتی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پہلے جاکر اپنے صوبے کی جیلیں تو ٹھیک کرلیں، ان کو بس اڈیالہ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کے سیل میں گھسنا ہے، یہ ان کا سیاسی ایجنڈا ہے اس کے علاوہ کچھ بھی نہیں۔

پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اجلاس میں یہ نہیں ہوتا کہ فلاں کو پکڑ لو،فلاں پر پابندی لگادو، وزیراعلیٰ مریم نواز کی پہلی میٹنگ مہنگائی کی صورتحال پر تھی،پچھلے دور میں مہنگائی ہوتی تو سب سے پہلے ہمیں عالمی فگرز بتائے جاتے تھے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو آئے 10ماہ ہوگئے، اب تک کسی نے عالمی قیمتوں کا رونا نہیں سنا ہوگا، آج عالمی ادارے بتارہے ہیں کہ پاکستان میں مہنگائی کم ہوئی ہے، مہنگائی کی شرح اس دور حکومت میں 4فیصد پر آگئی ہے، پچھلے 81ماہ کے بعد مہنگائی اس کم سطح پر پہنچی ہے، مہنگائی میں کمی کیلئے وزیراعظم کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے آفس میں ڈیش بورڈ لگا ہوا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز اشیائے خورونوش کی قیمتیں دیکھتی رہتی ہیں، بجلی کی قیمتوں سے لوگ تکالیف کا شکار رہے، بجلی کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے 54ارب روپےکا ریلیف دیا گیا، اب سولر پروگرام شروع ہوچکا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ 550واٹ کا سولر سسٹم ان صارفین کیلئے جو 100یونٹس بجلی استعمال کرتے ہیں، 1100واٹ ان لوگوں کیلئے جو 200یونٹ استعمال کرنے والے صارفین ہیں، شفاف انداز میں بیلٹنگ کر کے سولر سسٹم کو تقسیم کیا جائے گا، بجلی چوری اور ایک سے زائد میٹر والے صارفین اس سہولت سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ سولر پروگرام بجلی بل اداکرنے والے غریب لوگوں کیلئے ہے ، مریم نواز کی ڈکشنری میں ایک ہی لفظ ہے وہ ہے میرٹ ، وزیراعلیٰ مریم نواز کسی خاص پارٹی کے لوگوں کو مستفید نہیں کرتیں، کسی پروگرام پر کوئی پارٹی بازی نہیں ہورہی، یہ نہیں ہورہا کہ پی ٹی آئی کا بندہ ہے تو اس کو ٹریکٹر نہیں دینا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ٹیوب ویلز بھی ڈیزل سے چلتے ہیں، بجلی کی کھپت کو کنٹرول کرنے کیلئے 8ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا، پنجاب میں پہلے کبھی شرمز فارمنگ کا تجربہ کامیاب نہیں ہوسکا، مظفر گڑھ میں 120ٹن جھینگوں کی پیداوار حاصل کی گئی ہے، جنوبی پنجاب شرمز فارمنگ کے حوالے سے ایک حب بننے جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مظفر گڑھ میں 100ایکڑپر شرم فارم بنایا گیا تھا، سال میں دوبار شرمز کی پیداوار حاصل ہوگی، نجی شعبے کو بھی شرمز فارمنگ کی دعوت دی جارہی ہے، زمین کے ساتھ ساتھ بلاسود قرضہ بھی پنجاب حکومت دے گی، پنجاب کے عوام جلد اس پروگرام کو کامیاب ہوتا دیکھیں گے۔