اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پیشکش کوئی بھی نہیں بھجوا رہا، میرا خیال ہے وہ سیاسی بیان دے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیرا عظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج ہمیں توقع تھی پی ٹی آئی ارکان مطالبات لے کر آئیں گے، پی ٹی آئی ارکان نے کہا بانی سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں، بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکومت کے پاس اختیار ہی نہیں، وہ عدالتوں سے ہی رہا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج مذاکرات کے دوران سب نے بڑی مثبت بات کی، علی امین گنڈا پور نے سب سے زیادہ مثبت باتیں کیں، میرا نہیں خیال 9 مئی کے مجرموں کی معافی کا مذاکرات سے کوئی تعلق ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مجرموں نے تحریری طور پر آرمی چیف سے معافی مانگی، یہ فوج کی طرف سے ایک "گڈ جیسچر" ہے، جب مجرم معافی کی درخواست کرتا ہے تو بڑی سے بڑی سزا بھی معاف کی جا سکتی ہے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی تصویر پر پابندی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ہم کسی پریشر کے طور پر مذاکرات نہیں کر رہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جمہوری سسٹم میں مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل ہوں گے، مذاکرات کا موقف ہمارا پہلے دن سے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سے مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے، ملٹری ایکٹ میں سویلینز کا ٹرائل ہوسکتا ہے، ملٹری ایکٹ ایک ویلڈ لا ہے، 1967 سے ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے جاتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ اور ٹرائل الگ الگ چیز ہے، مذاکرات اپنی جگہ بانی پی ٹی آئی کا ملٹری ٹرائل خارج ازمکان نہیں ہے، بغیر سوچے سمجھے تبصرے کیے جاتے ہیں، فیض حمید وعدہ معاف گواہ کیسے بن سکتےہیں؟ وعدہ معاف گواہ اس کیس میں ہوتا ہے جس کیس میں شواہد نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید کےخلاف چارج شیٹ ہے، اگر 31 جنوری تک کوئی پیشرفت ہوگئی تو مذاکرات کا وقت بڑھایا جاسکتا ہے۔