اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون کو تین دن کے اندر قومی کمیشن برائے اقلیت بل 2024 کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی گئی۔
وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت وزارتی کمیٹی کا وزارت مذہبی امور میں اہم اجلاس ہوا۔
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین، وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں قومی کمیشن برائے اقلیت بل 2024کا جائزہ لیا گیا، وزیر قانون و انصاف کے مطابق قومی کمیشن برائے اقلیت 13ارکان پر مشتمل ہوگا، 9 ارکان اقلیت سے ہوں گے۔
اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی میں مساجد کو بطور کمیونٹی سینٹر کے طور پر فعال کرنے کی تجویز دی۔
وزارتی کمیٹی نے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی، مذہبی برداشت کے فروغ کی پالیسی کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔