اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو جدید انتظامی ڈھانچہ دینا وقت کی ضرورت ہے، اسلام آباد کے گورننس کے نظام میں عوام کو جوابدہ ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم کی قائم کردہ اسلام آباد گورننس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر آئی پی سی رانا ثنا اللہ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک، ایم این اے انجم عقیل، ایم این اے راجہ خرم نواز، ایم این اے طارق فضل چوہدری، سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا، سیکرٹری کابینہ کامران علی، سی ڈی اے اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں جمہوری ممالک کے دارالخلافوں کے گورننس ماڈلز پر بھی غور کیا گیا، سی ڈی اے حکام نے کہا کہ سی ڈی اے کے ماسٹر پلان پر نظرثانی نہ ہونے کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ آئی سی ٹی گورننس میں انتظامی اور ترقیاتی ذمہ داریوں کی واضح تقسیم ضروری ہے، شہری اور دیہی علاقوں میں انتظامی ڈھانچہ یکجا کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی سی کے اختیارات کی حد بندی کا تعین کرنا ضروری ہے، آئی سی ٹی کے منتخب نمائندوں کے پاس اختیارات کا فقدان ہے، اسلام آباد میں بلدیاتی ڈھانچہ عالمی معیار کے مطابق ہونا چاہئے۔
احسن اقبال نے ہدایت کی کہ ایم سی آئی سی، سی ڈی اے اور منتخب نمائندوں پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دی جائے، سب کمیٹی کے اراکین 5 دن میں سفارشات پیش کریں، کمیٹی اسلام آباد کے بلدیاتی ڈھانچے سمیت صحت اور تعلیمی اداروں کے مسائل پر بھی غور کرے گی۔