ملک بھر میں غضب کی ٹھنڈ، پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا

Published On 08 January,2025 06:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑ رہی ہے، پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا۔

بالائی علاقوں میں دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں، لہہ میں پارہ منفی 10 اور کالام میں منفی 9 تک گر گیا، قلات، استور میں منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت میں منفی 7 تک آ گیا، سکردو، دروش، چترال اور ہنزہ میں پارہ منفی 4 ریکارڈ کیا گیا۔

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی، قلات، وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر مفلوج ہو گیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، گلگت بلتستان میں منجمد خلتی جھیل پر آئس ہاکی کے مقابلوں کا اعلان کیا گیا ہے، جمی ہوئی جھیل پر بچوں نے آئس ہاکی کی پریکٹس کی۔